ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کمٹہ کے الاتحاد یوتھ کمیٹی کے زیراہتمام ’’سیرت النبیﷺ اور اصلاحِ معاشرہ ‘‘ کا عظیم الشان اجلاس

کمٹہ کے الاتحاد یوتھ کمیٹی کے زیراہتمام ’’سیرت النبیﷺ اور اصلاحِ معاشرہ ‘‘ کا عظیم الشان اجلاس

Tue, 05 Dec 2017 18:26:53    S.O. News Service

کمٹہ:5/ دسمبر(ایس اؤنیوز)شہر کی مشہور ومعروف مسلم نوجوانوں کی تنظیم ’’الاتحاد یوتھ کمیٹی کمٹہ ‘‘کے زیر اہتمام ’’سیرت النبی ﷺ اور اصلاحِ معاشرہ ‘‘کے عنوان پر مسلم اسٹریٹ کے یوسف خان میدان میں عظیم الشان جلسہ کا انعقاد کیاگیا۔

جلسہ کو معنی خیز بناتے ہوئے تین نشستو ں میں تقسیم کیا گیا تھا۔عصر اور مغرب کی نماز کے بعدمنعقدہ پہلی اور دوسری نشست میں بچوں کے درمیان نعت خوانی کے مقابلہ کا اہتمام کیا گیا تھاتونماز عشاء کے بعداجلاس کی تیسری اوراختتامی نشست میں بنگلورو سے تشریف فرما علماء کرام کے خطاب پر مشتمل تھی۔

حضرت مولانا حکیم ضیاء الدین مدنی نے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے پر مغز اور جذبات سے لبریز خطاب کرتےہوئے آخری نبی ﷺ کی سیرت صالحہ پر روشنی ڈالی اور سیرت االنبی ﷺ کی مناسبت سے مسلمانوں کے متحدہ اقدام پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ اداکیا۔

مولانا عبدالعلیم قاسمی نے اپنے خصوصی خطاب میں سیرت النبی ﷺکے پیغام کو پھیلانے اور انفرادی طورپر مسلم ملت کی ذمہ داریوں پر زور دیا اور مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ سیرت النبی ﷺ پر عمل پیرا ہوں۔ اس موقع پر جماعت المسلمین کمٹہ کے صدر محمد شفیع شیخ، آئیڈیل ایجوکیشن ٹرسٹ کے سابق صدر بستی عبدالملک اورنارتھ کینرا مسلم یونائیٹیڈ فورم کے جنرل سکریٹری محمد محسن قاضی نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے الاتحاد کمیٹی کی کاوشو ں کی ستائش کی۔

جماعت المسلمین کمٹہ کے صدر محمد شفیع شیخ نے جلسہ کی صدارت کی ۔ الاتحاد کمیٹی کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالسبحان کی تلاوت قرآن سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ ریاض خان نے سالانہ رپورٹ کی خواندگی کی۔ مولانا منت اللہ قاسمی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ساحل آن لائن کے نمائندے سجاد قاضی نے مہمانوں اور مندوبین کا استقبال کیا تو امجد شیخ نے شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر کمٹہ مسلم اسوسی ایشن کے صدر محمد اکبرملا، نائب صدر عبدالشکور، جماعت المسلمین کے جنرل سکریٹری عبدالرزاق، الاتحاد کمیٹی کے صدر افتخار شیخ، ناخدا ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر اے بی ملا وغیرہ ڈائس پر موجود تھے۔


Share: